صفحہ اول / آرکائیو / کپتان بابر اعظم اور پی سی بی اختلافات سے متعلق خبروں کی حقیقت کیا ہے؟

کپتان بابر اعظم اور پی سی بی اختلافات سے متعلق خبروں کی حقیقت کیا ہے؟

سعید بادشاہ مہمند

کپتان بابر اعظم اور پی سی بی اختلافات اورچئیرمین کا کپتان کے مسیجز کا جواب نہ دینا سچ یا جھوٹ؟؟؟

دعوی :۔ 27 اکتوبر کو سابق کپتان اور ٹیسٹ کرکٹر راشد لطیف نے پی ٹی وی کے سپورٹس پروگرام میں ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کی مسلسل چار شکستوں کے بعد تبصرہ کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ "بابراعظم گزشتہ دو روز سے چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی ذکاء اشرف سمیت پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے اعلی حکام کو میسج کررہے ہیں لیکن کوئی جواب نہیں دیا جارہا”۔

حقیقت :۔ سابق وکٹ کیپروٹیسٹ کرکٹر راشد لطیف کا دعویٰ غلط ہے۔ پی سی بی نے دعوے کی تردید کی ہے۔جبکہ بابراعظم واٹس ایپ وائس مسیج میں بتارہے ہیں کہ چئیرمین ذکاء اشرف کو انہوں نے مسیج نہیں کیا ہے۔

راشد لطیف کا یہ دعوی سوشل میڈیا پر تیزی سے پھیلا۔ جسے ہزاروں صارفین نے آگے شئیر کیا۔ اس انکشاف کے بعد کپتان بابر اعظم کی قیادت سے ہٹانے کی پر غور کی خبریں بھی گردش کرنے لگی۔خبری ویب سائٹ اردو پوائنٹ کے راشد لطیف کے دعوے کی 28 اکتوبر کے فیسبوک پوسٹ پر 2300 صارفین نے ری ایکٹ کیا، 444 نے کمنٹس کئے جبکہ 102 صارفین نے اپنے ٹائم لائن پر شئیر کیا۔ جس میں شائقین کرکٹ نے بابر اعظم کی کپتانی اور انفرادی کار کردگی پر تنقید کی ۔ جبکہ بعض سابق کرکٹرز نے پی سی بی سے ناراضگی کو کپتانی سے ہٹائے جانے کےجوازکے طور پر پیش کیا۔

فیکٹ چیک :سابق کپتان راشد لطیف کے اس دعوے کی تصدیق کے لئے ہم نے گوگل سرچ کیا تو ویڈیوز اور ٹیکسٹ میں بہت سی خبریں ملی۔ جس میں پی ٹی وی پر 27 اکتوبر 2023 کے پروگرام میں راشد لطیف کے دعوے پر مبنی ویڈیو تبصرہ موجود تھا۔ ویڈیو میں ہم نے نجی چینل اے آر وائی کے اینکر وسیم بادامی کا 29 اکتوبر پروگرام دیکھا۔ جس میں چئیرمین ذکاء اشرف نے کپتان بابر اعظم کو نظرانداز کرنے کی نفی کی اور کہا کہ بابر اعظم نے انہیں کال یا مسیج نہیں کیا ہے۔ پروگرام میں پی سی بی کے فراہم کردہ بابر اعظم کے واٹس ایپ مسیج کی سکرین شاٹ بھی دکھائی گئی۔ جس میں پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر کپتان بابر اعظم سے پوچھ رہے ہیں کہ "بابر ٹی وی اور سوشل میڈیا پر ایسی خبریں بھی گردش کر رہی ہیں کہ آپ چیئرمین کو فون کر رہے ہیں اور وہ جواب نہیں دے رہے، کیا آپ نے حال ہی میں انہیں فون کیا ہے؟” اس کے جواب میں کپتان بابر اعظم نے لکھا ہے "سلام سلمان بھائی میں نے سر کو کوئی فون نہیں کی”۔

مشہور قومی سطح کے نشر و اشاعتی خبری ادارے نیو نیوز کے ویب سائٹ پر 29 اکتوبر کے خبر کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے تردید کی ہے کہ راشد لطیف کا دعویٰ جھوٹاہے، بابر اعظم نے ذکاء اشرف کو کوئی کال ہی نہیں کی ہے۔ پی سی بی ذرائع نے ذکا اشرف کی طرف سے بابر کی فون کال کو نظر انداز کرنے کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ سابق کرکٹر راشد لطیف کے دعوے پر حیرت ہوئی۔ کونسا بورڈ کپتان کو نظر انداز کرے گا؟
کرکٹ بورڈ کے ذرائع نے بتایا کہ جمعے کو پی سی بی کے سی او او سلمان نصیر اور بابر کے درمیان طویل گفتگو ہوئی۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کے سینٹرل کنٹریکٹ کا معاملہ حل کرانے پر بابراعظم نے ذکا اشرف کا شکریہ ادا کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے