ہنگو(ویب ڈیسک ) صوابی میں واپڈا ملازمین پر فائرنگ دہشت گردی ہے، صوبائی اور مرکزی حکومتیں واپڈا ملازمین کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہو گئی ہے،فرائض ادا کرتے ہوئے محنت کشوں پر فائرنگ اور قیمتی جانوں کا ضیاع اخلاقی بدحالی اور غنڈہ گردی کی بد ترین مثال ہے، حکومت حملہ آوروں کو نشان عبرت بنائے۔
ان خیالات کا اظہار ہائیڈرو الیکٹرک لیبر یونین ہنگو ڈویژن کے چئیرمین جاوید حسین، صوبائی جوائنٹ سیکریٹری فرخ سیر، استرزئی چئیرمین عثمان علی، ملک اسحاق اورکزئی اور دیگر نے ہنگو ڈویژن میں منعقدہ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے یونین رہنماؤں نے صوابی میں واپڈا ملازمین پر فائرنگ کے واقعہ کی پر زور مزمت کی اور کہا کہ صوابی میں لائن مین کامران کو فائرنگ کر کے شہید اور حسن محمد جو زخمی کر دیا گیا یہ واقع نا قابل برداشت ہے،
انہوں نے کہا کہ فرائض کی انجام دہی کے دوران واپڈا ملازمین پر حملہ کھلی دہشت گردی اور غنڈہ گردی ہے جس کی پر زور مزمت کرتے ہیں،
انہوں نے کہا کہ مرکزی اور صوبائی حکومتیں ملازمین کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہیں، ہمارے ساتھیوں کا خون پانی نہیں کہ خاموش رہیں،
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ملزمان کو گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے اور آئیندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے پالیسی وضع کی جائے۔ بصورت دیگر سخت اقدام پر مجبور ہونگے۔
احتجاج میں ایکسین پیسکو ہنگو عباس علی شاہ ،ایس ڈی اوز اور دیگر فاران بھی شریک ہوئے اس موقعہ پر شہید اہلکار کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔