اسلام آباد: وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے پاور ڈویژن کو ہدایت کی ہے کہ موسم گرما کے دوران عوام کو بجلی کی فراہمی بہتر بنانے کے لیے فوری اور موثر اقدامات کیے جائیں۔پی ایم آفس کے میڈیا ونگ سے ہفتے کو جاری بیان کے مطابق یہ بات انہوں نے وفاقی وزیر برائے پاور ڈویژن انجینئر خرم دستگیر سے ملاقات کے دوران کہی۔
انجینئر خرم دستگیر خان نے وزیر اعظم کو توانائی کے شعبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں بارے بریفنگ دی۔وزیراعظم نے خصوصی ہدایت کی کہ بجلی کی ترسیل میں نمایاں بہتری کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے صارفین کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کے لیے بجلی کی نئی ٹرانسمیشن لائنوں کی جلد تکمیل کی بھی ہدایت کی۔