ہنگو ( آن لائن پاکستان ڈیجیٹل ) شہید فرید خان ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے ایم ایس کے خلاف ہیلتھ گرینڈ الائنس کا احتجاج اور ہڑتال، مظاہرین نے پلے کارڈز اٹھا کر احتجاج کیا،ایم ایس ڈاکٹر خان بہادر اور کرپٹ عملے کے خلاف شدید نعرے بازی۔
ہسپتال میں ایمرجنسی کے سوا تمام سروسز معطل،لاکھوں روپے کی کرپشن اور بدعنوانی پر ایم ایس کو کیوں تبدیل نہیں کیا جاتا،ایم ایس ڈاکٹروں اور عملے کو کیوں ہراساں کرتا ہے،عملے کو خدمات کی انجام دہی کے دوران رکاوٹیں کیوں کھڑی کی جاتی ہیں،ہسپتال میں سرنج تک موجود نہیں کون ذمہ دار ہے،ڈی سی انکوائری رپورٹ میں ایم ایس پر لگائے گئے الزامات درست ثابت ہو چکے اب کس بات کا انتظار ہے۔ احتجاجی جلسے سے ہیلتھ گرینڈ الائنس کے صدر لقمان گل اورکزئی ،ڈاکٹر مطیع الرحمان،ڈاکٹر محمد سمیع ،محمد حسن اور دیگر کا خطاب۔
تفصیلات کے مطابق ہیلتھ گرینڈ الائنس نے زیر اہتمام ڈی ایچ کیو ہسپتال ہنگو کے ایم ایس ڈاکٹر خان بہادر اور ان کے ساتھیوں کے خلاف احتجاج اور ہڑتال کی گئی۔
اس احتجاج میں ضلع بھر سے ڈاکٹروں،پیرامیڈیکس،نرسز اور ہیلتھ ملازمین نے حصہ لیا۔ مظاہرین نے پلے کارڈ اٹھا کر ایم ایس اور اس کے ٹولے کے خلاف احتجاج کیا اور نعرے بازی کی۔
مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے حاجی لقمان گل اورکزئی، ڈاکٹر مطیع الرحمان و دیگر نے کہا کہ ایم ایس ڈاکٹر خان بہادر ایک نااہل اور کرپٹ آفیسر ہے جس نے اپنے مخصوص ساتھیوں کیساتھ ملکر کوٹ مار ، کرپشن کا بازار گرم کر رکھا ہے، ہسپتال کے عملے کوہراساں کیا جاتا ہے اور ان کے فرائض انجام دہی میں رکاوٹیں ڈالی جاتی ہے، ہسپتال میں بد انتظامی کی انتہاء یہ ہے کہ سرنج تک عوام کیلئے دستیاب نہیں۔
رہنماوں نے کہا کہ ڈی سی ہنگو کو ایم ایس کی کرپشن کے بارے میں جو درخواست دی تھی اس پر ڈی سی نے انکوائری مکمل کی اور ہمارے الزامات کو درست قرار دیا گیا مگر ابھی تک کرپٹ ایم ایس کیخلاف کوئی کاروائی نہیں کی گئی۔ کمشنر کوہاٹ محمد علی شاہ نے بھی ایم ایس کا قبلہ درست کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے تھے مگر ان کی ٹرانسفر کر دی گئی، ہمارا احتجاج ایم ایس کی تبدیلی تک جاری رہے گا۔ اس دوران ڈی ایچ کیو ہسپتال میں تمام سروسز معطل رہی اور دوسرے ہسپتالوں میں بھی احتجاج کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔