پشاور( ہارون رشید) پاکستان میں رمضان لمبارک کاچاند نظرآگیاہے، ملک میں پہلاروزہ جمعرات 23 مارچ کوہوگا۔
رمضان کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کااجلاس پشاورمیں چیئرمین مولاناعبدالخبیرآزاد کی زیرصدارت منعقد ہوا۔
جس میں کمیٹی اراکین مولاناحافظ عبدالغفور،مفتی فیصل احمد،مولانایاسرالظفر،مفتی علی اصغر،مفتی یوسف کاشمیری،سید پیر شاہد علی جیلانی،مفتی ضمیراحمدساجد،مولانا عبدالمالک بروحی،مولاناذکریا قاسمی،صاحبزادہ حبیب اللہ چشتی،قاری محراللہ اورمولانااشرف علی نے شرکت کی۔
اسی طرح اس موقع پر وزارت مذہبی امور پاکستان،محکمہ موسمیات اور دیگر اداروں کی معاونت بھی کمیٹی کوحاصل تھی پاکستان بھرمیں زونل رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس متعلقہ ہیڈکوارٹرزمیں منعقد ہوئے۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس کے اختتام پر چیئرمین مولاناعبدالخبیرآزاد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایاکہ پاکستان کے اکثروبیشترمقامات پربدھ کے روز مطلع ابر آلودرہا کچھ مقامات پر مطلع صاف بھی رہا۔
اس دوران مختلف مقامات سے ماہررمضان المبارک کے چاند نظرآنے کی اطلاعات موصول ہوئیں جن میں بہاولپور،رحیم یار خان،صوابی،قلعہ سیف اللہ،مردان اوردیگرعلاقوں میں چاند دیکھاگیا۔
لہذا اتفاق رائے سے فیصلہ کیاگیا کہ یکم رمضان المبارک 1444 ہجری 23 مارچ 2023ء کوہوگی۔