صفحہ اول / آرکائیو / وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری بھارت میں شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے، ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری بھارت میں شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے، ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ

اسلام آباد(آن لائن پاکستان ڈیجیٹل)وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او)کے اجلاس میں شرکت کے لئے آئندہ ماہ بھارت جائیں گے، افغانستان میں پاکستان کے ہیڈ آف مشن عبید نظامانی نے کابل میں اپنی ذمہ داریاں دوبارہ سنبھال لی ہیں، پاکستان بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین اور منظم خلاف ورزیوں کے خلاف آواز اٹھاتا رہے گا، سوڈان میں پاکستانیوں کی سلامتی حکومت پاکستان اور وزارت خارجہ کی اولین ترجیح ہے۔

ان خیالات کا اظہار دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے جمعرات کو یہاں پریس بریفنگ میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری 4 اور 5 مئی کو بھارت کے شہر گوا میں شنگھائی تعاون تنظیم کے وزراء خارجہ کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کے ساتھ دیرینہ وابستگی کو مدنظر رکھتے ہوئے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاسوں میں شرکت کرتا رہتا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری گوا میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے، وزیر خارجہ اپنے بھارتی ہم منصب اور ایس سی او وزراء خارجہ کونسل کے موجودہ سربراہ ڈاکٹر ایس جے شنکر کی دعوت پر ایس سی او سی ایف ایم اجلاس میں شرکت کر رہے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ اجلاس میں ہماری شرکت شنگھائی تعاون تنظیم کے چارٹر اور عمل سے پاکستان کے عزم اور اس اہمیت کی عکاسی کرتی ہے جو پاکستان اپنی خارجہ پالیسی کی ترجیحات میں خطے کے لئے دیتا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے گزشتہ سال جولائی میں تاشقند میں ہونے والے وزرائے خارجہ کونسل کے آخری اجلاس میں بھی شرکت کی تھی۔ وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی شیری رحمٰن نے ماحولیاتی تحفظ سے متعلق وزارتوں کے سربراہان کے چوتھے ایس سی او اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ یہ اجلاس 18 اپریل کو نئی دہلی میں آن لائن فارمیٹ میں ہوا تھا۔

ترجمان نے کہا کہ گزشتہ روز نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر نے ہنگامی حالات کی روک تھام اور خاتمے کے لیے ایجنسیوں کے سربراہان کے ایس سی او کے ماہرین کے اجلاس میں عملی طور پر شرکت کی جبکہ آج محمد ادریس محسود ممبر ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن، ہنگامی حالات کی روک تھام اور خاتمے کے لیے ایجنسیوں کے سربراہان کے ایس سی او اجلاس میں عملی طور پر شرکت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں پاکستان کے ہیڈ آف مشن عبید نظامانی نے کابل میں اپنی ذمہ داریاں دوبارہ سنبھال لی ہیں، یہ عمل افغان عبوری حکومت کے ساتھ قریبی مشاورت کے بعد ممکن ہوا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ 15 اپریل کو قائم مقام افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی کے ساتھ ٹیلی فون پر گفتگو میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے افغانستان میں پاکستان کے سفارتی مشنز اور اہلکاروں کی حفاظت کے حوالے سے افغان عبوری حکومت کی ضرورت اور ذمہ داریوں کا اعادہ کیا۔انہوں نے کہا کہ عبید نظامانی اور ان کی ٹیم کو ہماری نیک تمنائیں اور تعاون حاصل ہے۔ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ پاکستان بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین اور منظم خلاف ورزیوں کے خلاف آواز اٹھاتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ جموں و کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کے لیے اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔

ترجمان نے کہا کہ رمضان کے مقدس مہینے کے اختتام پر ہمیں بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر میں اپنے بھائیوں اور بہنوں کو یاد رکھنا چاہیے، اس مقدس مہینے کے دوران بھی قابض بھارتی حکام نے مذہبی آزادی پر قدغنیں اور پابندیاں لگا رکھی ہیں، گزشتہ ہفتے قابض حکام نے کشمیریوں کو سری نگر کی جامع مسجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی سے روک دیا، اسی طرح 27 رمضان المبارک کی مقدس رات کو منائی جانے والی شب قدر کے موقع پر مساجد کے ارد گرد سیکورٹی فورسز کی بھاری نفری تعینات تھی۔ ترجمان نے کہا کہ ہم بھارتی حکام پر زور دیتے ہیں کہ وہ کشمیریوں پر عائد پابندیوں کو ختم کریں جو انہیں آزادی سے اپنے مذہب پر عمل کرنے سے روکتی ہیں،ہم اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ جموں و کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کے لیے اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ سوڈان میں پاکستانیوں کی سلامتی حکومت پاکستان اور وزارت خارجہ کی اولین ترجیح ہے، ہم سوڈان کی تشویشناک صورتحال اور وہاں پاکستانی کمیونٹی کی حفاظت اور سلامتی پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ سوڈان میں پاکستان کا سفارت خانہ ہماری کمیونٹی کے ساتھ قریبی اور مسلسل رابطے میں ہے اور وہ انہیں سہولت فراہم کرتا رہے گا۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستانیوں کی سلامتی حکومت پاکستان اور وزارت خارجہ کی اولین ترجیح ہے۔ ترجمان نے کہا کہ وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر 13 اپریل کو سمرقند میں منعقدہ افغانستان کے پڑوسی ممالک کے چوتھے اجلاس میں شرکت کی۔

وزارتی اجلاس میں وزیر مملکت نے افغانستان میں انسانی صورتحال پر روشنی ڈالی اور افغانستان کے لوگوں کے لئے انسانی امداد کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے افغانستان میں زیادہ سیاسی شمولیت کو فروغ دینے کے مقصد کی طرف پیش رفت پر بھی زور دیا۔ وزیر مملکت نے خطے کے لئے پرامن اور مستحکم افغانستان کی اہمیت اور وہاں امن و استحکام میں پڑوسی ممالک کے مفاد پر زور دیا۔ ترجمان نے کہا کہ وزیر مملکت نے افغانستان پر چار فریقی گروپ کے اجلاس میں بھی شرکت کی جس میں چین، ایران، پاکستان اور روس شامل ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے