صفحہ اول / آرکائیو / ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن کے لیئے جے یو آئی کے حالیہ میگا پراجیکٹس

ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن کے لیئے جے یو آئی کے حالیہ میگا پراجیکٹس


17 سے 19 جون کی تین ایام میں ڈیرہ اسماعیل خان میں وزارت مواصلات اور واپڈا کے مجموعی طور پر پندرہ ارب روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا حکمران اتحاد کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے سنگ بنیاد رکھ دیا۔

گزشتہ پانچ سالوں میں پہلی مرتبہ ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن کے لیئے ایک ساتھ میگا پراجیکٹس کا سنگ بنیاد نہ صرف خیبرپختونخواہ کے عوام کی معاشی آسودگی کاسبب بنے گا بلکہ اس کے ثمرات ملحقہ اضلاع اور ملکی معیشت پر بھی اثر انداز ہونگے۔

17، 18 اور 19 جون کی تاریخیں ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک میں میگا پراجیکٹس کے سنگ بنیاد کی وجہ سے اہمیت حاصل کرگئی ہیں۔

پی ڈی ایم کے سربراہ قائد جمعیت علمائے اسلام مولانا فضل الرحمان ، وفاقی وزیر مواصلات مفتی اسعد محمود اور روح رواں جمعیت خیبرپختونخوا اسمبلی کے سابق اپوزیشن لیڈر مولانا لطف الرحمان نے ڈیرہ اسماعیل خان و ٹانک کے اضلاع کے لیئے جن منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا ان میں ساڑھے تین ارب روپے کے تخمینہ لاگت کے رحمانی خیل کٹہ خیل 48 کلومیٹر سڑک، تین ارب 63کروڑ روپے کے مفتی محمود چوک سے قریشی موڑ تک بائی پاس کی تعمیر و تزئین، دو ارب 45 کروڑ روپے سے قریشی موڑ تا رمک اور قریشی موڑ تا مریالی انڈس ہائی وے کی تعمیر، چار ارب روپے سے ٹانک سے پیزو تک سڑک کی تعمیر، پچاس کروڑ کی لاگت سے ٹانک میں گلیوں کی تعمیر، 75 کروڑ روپے کی لاگت سے ٹانک میں متعدد ترقیاتی عوامی فلاحی منصوبوں کی تکمیل، ٹانک گرڈ کے لیئے ایک سو بتیس، چالیس ایم وی اے ٹرانسفارمر کی تنصیب اور نو کروڑ روپے کی لاگت سے عبدالخیل گرڈ اسٹیشن کی تعمیر شامل ہے۔

ان منصوبوں کی افتتاحی تقاریب میں محکمہ مواصلات کے اعلی حکام، پیسکو کے چیف سردار عارف خان سدوزئی، نگرانی صوبائی وزیر سردار عبد الحلیم خان قصوریہ، سابق ایم پی اے ٹانک محمود احمد خان بیٹنی، صاحب زادہ ضیاء الرحمن، مولانا عبیدالرحمان اور دیگر معززین علاقہ بھی موجود تھے۔

جمعیت علمائے اسلام کی جانب سے ان میگا پراجیکٹس کو خطہ کی تبدیلی کے منصوبہ جات سے تعبیر کیا جارہا ہے جبکہ سیاسی مبصرین کے مطابق جمعیت علمائے اسلام اگلے انتخابات میں ان منصوبوں کا بھرپور کریڈٹ لینے کے لیئے نہ صرف تیار ہے بلکہ وہ اسکے ممکنہ ثمرات کا تخمینہ بھی لگا چکی ہے اور اسی کی روشنی میں رابط عوام مہم کی حکمت عملی اور رویے بھی طے کرچکی ہے اور واقفان حال کو اسکا بخوبی اندازہ بھی ہوگیا ہے۔

وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف کی جانب سے جمعیت علمائے اسلام کے قائد مولانا فضل الرحمان کے ترقیاتی منصوبوں پر پھرپور حمایت پانچ سال قبل وزیر اعظم میاں نواز شریف کے دورہ ڈیرہ اسماعیل خان کے موقع پر مولانا پر قربان ہونے کے اعلان کا تسلسل دیکھائی دیتی ہے۔

مواصلات اور واپڈا سے متعلق جن منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا گیا وہ انتہائی اہم اور عوام کی تکالیف کے ازالہ کے لیئے بہت ضروری تھے۔ یہ تقریبا وہی منصوبے ہیں جنکے لیئے عوام گزشتہ پانچ سالوں سے منتظر تھے۔

وزیر مواصلات مفتی اسعد محمود کی جانب سے محکمہ کے حکام کو اس موقع پر ہدایات جاری کی گئیں کہ ان منصوبوں کو ہر لحاظ سے معیار کے مطابق اور جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ انہوں نے اس بات کا بھی عندیہ دیا کہ وہ ان منصوبوں کے کام کا اچانک جائزہ بھی لینگے اور اس میں کسی قسم کی کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

حکمران اتحاد کے سربراہ قائد جمعیت مولانا فضل الرحمان نے افتتاحی تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پانچ سال قبل عوامی مینڈیٹ پر شب خون مار کر ملک کو مثبت ترقی سے زیرو اور نو مئی سے زیرو سے مزید منفی سطح پر لانے والوں کے لیئے معافی ملک کے ساتھ غداری کے مترادف ہوگی۔

میاں نواز شریف کے ساتھ مل کر سی پیک کے ہکلہ یارک روٹ اور دیگر ترقیاتی منصوبوں سے اس خطہ کو عالمی تجارت کا مرکز بنانے کے جس خواب کی تکمیل کی جانب ہم نے جو سفر شروع کیا تھا اگرچہ گزشتہ پانچ سالوں میں غیر ملکی حمایت یافتہ حکمرانوں نے اس کو سبوتاژ کرنے کی بھرپور کوشش کی مگر انہیں ناکامی ہوئی اور آج ہم اسی سفر میں نئے جذبے سے آگے بڑھارہے ہیں اور مجھے یقین ہے کہ یہ خطہ مستقبل میں عالمی تجارت کا مرکز بنے گا ہم آنے والے ایام میں مزید میگا پراجیکٹس کی منصوبہ بندی کرچکے ہیں سیاسی میدان میں اگلے انتخابات میں ہماری کامیابی ان شاءاللہ نوشتہ دیوار ہے جبکہ ترقیاتی محاذ پر بھی اس خطہ کے باسیوں کو ان شاءاللہ اپنی سرذمین پر اس سے کہیں زیادہ معاشی آسودگی ملے گی جسکے حصول کے لیئے وہ بیرون ملک کی مسافری برداشت کرتے تھے ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے