اورکزئی( آن لائن پاکستان ڈیجیٹل) خیبر پختونخواہ نگراں حکومت صوبائی سرکاری ملازمین کے تنخواہوں میں وفاقی بجٹ کے مطابق اضافہ کریں، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے سے ملازمین کے مسائل میں کمی آئے گی، بجٹ میں عام شہریوں کو بھی ریلیف دیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار تحریک اصلاحات پاکستان کے مرکزی وائس چئیرمین ملک حبیب نور اورکزئی نے دورہ اورکزئی کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کافی عرصہ سے سرکاری ملازمین کا استحصال جاری ہے، گزشتہ 10 سالوں میں سرکاری ملازمین کو دیوار سے لگانے کی بھر پور کوششیں کی گئیں جس کے لئے ہم نے مختلف پلیٹ فارم پر آواز بھی اٹھائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی نے عوام کو دو وقت کی روٹی سے محروم کیا ہے، ہمیں احساس ہے کہ موجودہ وقت میں ملک کو معاشی چیلنجز کا سامنا ہے لیکن صوبائی بجٹ میں سرکاری ملازمین اور عوام کو ریلیف دینے سے عوام کے اوپر مہنگائی کا بوجھ کچھ حدتک کم ہو سکتا ہے۔ ملک حبیب نور اورکزئی نے کہا کہ خیبر پختونخواہ کی نگران حکومت صوبے کے عوام پر بوجھ نہ بنے بلکہ عوام کی بہتری کیلئے ایسے فیصلے کریں تاکہ نگران حکومت ختم ہونے کے بعد عوام ہمیشہ انہیں اچھے الفاظ کیساتھ یاد رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ میں اگر سرکاری ملازمین اور عوام کو ریلیف نہ دیا گیا تو بھر پور مزاحمت کریں گے، سرکاری ملازمین اور عوام کے درمیان کھڑے ہو کر نہ صرف بجٹ کو مسترد کریں گے بلکہ عوام کا حق زبردستی لے کر رہیں گے۔ ملک حبیب نور اورکزئی نے مزید کہا کہ عوام کی خدمت کرنا ہماری سیاست کا محور ہے، ہم ماضی میں بھی عوام کیساتھ کھڑے رہے اور ہمیشہ عوامی سیاست کو ہی ترجیح دیں گے۔