اقوام متحدہ میں پاکستان کے سفیر منیر اکرم نے ملک کے یوم آزادی کے موقع پر اقوام متحدہ کی کمیونٹی کے نام ایک پیغام میں کشمیری عوام کی ان کے حق خودارادیت اور آزادی کی جدوجہد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہم اقوام متحدہ اور تمام فورمز پر کشمیر کی آزادی کے لیے آواز بلند کرتے رہیں گے۔منیر اکرم نے کہا کہ ہمارے لاکھوں بھائیوں اور بہنوں نے صرف اپنے وعدے کے مطابق وطن تک پہنچنے، قومیت اور آزادی کے اپنے خواب کو پورا کرنے کے لیے اپنی جانیں قربان کیں، ہمیں ان کی بہادری، ان کے نظریات اور ان کی قربانیوں کو کبھی نہیں بھولنا چاہیے۔
پاکستانی سفیر نے مزید کہا کہ آج جب ہم اپنی آزادی کا جشن منا رہے ہیں اور ہم اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے حق خودارادیت اور آزادی کی جدوجہد میں ان کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں نے طاقت اور دانشمندی کے ساتھ سکیورٹی اور اقتصادی چیلنجوں پر قابو پایا ہے جس کا اظہار 2022 کے بڑے سیلاب کے حوالے سے قوم کے ردعمل سے ہوا۔
منیر اکرم نے کہا کہ ہمارے قائد اعظم محمد علی جناح نے اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے اصولوں کو قوم کی تعمیر کا بنیادی ستون قرار دیا، ہمیں قائداعظم کے وژن کو عملی جامہ پہنانے اور اپنے معاشرے کو سب کے لیے انسانی، جامع اور رواداری پر مبنی بنانے کے لیے دن رات کام کرنا چاہیے۔