:نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے 14 اگست 2023 ء کو پاکستان کے 8ویں نگراں وزیر اعظم کے طور پر اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا۔ وہ مارچ 2018 ء سے مارچ 2024 ء تک کے لیے صوبہ بلوچستان سے آزاد حیثیت سے سینیٹر منتخب ہوئے۔بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی)کے بانی رکن اور 2018 ء میں پارٹی کے مرکزی ترجمان مقرر ہوئے۔ سینیٹر کی حیثیت سے خدمات انجام دہی کے دوران وہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے سمندر پار پاکستانیوں و انسانی وسائل کی ترقی کے چیئرمین اور قائمہ کمیٹی برائے خزانہ و ریونیو، خارجہ اموراور سائنس اور ٹیکنالوجی اور بزنس ایڈوائزری کمیٹی کے رکن کے طور پر فرائض سرانجام دیتے رہے۔ اس سے قبل وہ دسمبر 2015 ء سے جنوری 2018 ء تک حکومت بلوچستان کے ترجمان رہے۔
پاکستان بالخصوص صوبہ بلوچستان کو درپیش مسائل کے بارے میں گہری بصیرت رکھنے والے ایک دانشور کے طور پر انوارالحق کاکڑ قومی اور بین الاقوامی سطح پر تعلیمی اور پالیسی سازی کے پلیٹ فارمز پر اپنا نقطہ نظر پیش کرتے رہے ہیں۔ ان میں پاکستان کی اعلی درجے کی یونیورسٹیوں کے طلباء اور فیکلٹی ممبران کے ساتھ بات چیت، ملک کے پالیسی سازوں کے ساتھ سیشنز، ملک کی سیاسی اور عسکری اشرافیہ کو بریفنگ، اسلام آباد میں مقیم اہم ڈپلومیٹک کور کے ساتھ بلوچستان کے بیانیے کی تعمیر کے بارے میں سیشن شامل ہیں۔ قومی سطح پر نشر ہونے والے سیاسی ٹاک شوزمیں نمائندگی کی نمایاں تعداد ہے۔وہ 1971 ء میں پیدا ہوئے، ان کا تعلق مسلم باغ، قلعہ سیف اللہ ضلع بلوچستان سے ہے۔
انوار الحق کاکڑ نے بلوچستان یونیورسٹی سے پولیٹیکل سائنس اور سوشیالوجی میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی۔ وہ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد سے باوقار نیشنل سکیورٹی ورکشاپ کے سابق طالب علم ہیں۔ وہ وائس آف بلوچستان کے سرپرست اعلی بھی ہیں۔انوارالحق کاکڑ انگریزی، اُردو، فارسی، پشتو، بلوچی اور براہوی زبانوں پر عبور رکھتے ہیں۔