اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ عدلیہ کو اپنے بارے ریویو کرنا چاہئے، پارلیمنٹ میں بھی کہہ چکا ہوں کہ سہولیات کے ساتھ ساتھ لوگوں کو فوری انصاف کی فراہمی کے طریقہ کار پر بھی توجہ دینا ہوگی۔
انہوں نے بدھ کو پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے دو وزراء اعظم شکار ہوئے، پھانسی تک چڑھا دیا گیا مگر عدالتی قتل اور جوڈیشل ایکٹوازم کے باوجود کسی نے معافی نہیں مانگی، اب وقت بدل گیا ہے، ہمیں اداروں کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ ان کی صحیح فنکشننگ کی طرف بھی آگے بڑھنا ہوگا۔
ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ یہ ملک کسی ایک فرد کی جاگیر نہیں پاکستان میں بسنے والے ہر پاکستانی کا ہے، یہ ملک ایک طویل جدو جہد اور جانوں کی قربان کے بعد حاصل ہوا، وطن عزیز کو سیاسی جدو جہد کے بعد سیاست دانوں نے حاصل کیا،اب اس کے استحکام کیلئے بھی سیاست دان ہی کردار ادا کریں گے۔