صفحہ اول / آرکائیو / وزیر مملکت امور خارجہ حنا ربانی کھر کی یورپی پارلیمنٹ کے اراکین سے ملاقات، دو طرفہ تجارت، پارلیمانی تعلقات پر تبادلہ خیال

وزیر مملکت امور خارجہ حنا ربانی کھر کی یورپی پارلیمنٹ کے اراکین سے ملاقات، دو طرفہ تجارت، پارلیمانی تعلقات پر تبادلہ خیال

برسلز: وزیر مملکت برائے امور خارجہ حنا ربانی کھر نے بدھ کو یہاں یورپی پارلیمنٹ کے اراکین سے ملاقات کی اور ان سے تازہ ترین علاقائی اور دو طرفہ پیش رفت سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔ دفتر خارجہ کے مطابق وزیر مملکت برائے امور خارجہ نے جنوبی ایشیا کے ممالک کے ساتھ تعلقات کے لیے چیئر آف ڈیلی گیشن نکولا پروکاسینی سے ملاقات کے دوران تازہ ترین علاقائی پیش رفت پر تعمیری تبادلہ خیال کیا۔ پاکستان،یورپی یونین کے پارلیمانی تعاون کو بڑھانے پر اتفاق کرتے ہوئے دونوں اطراف نے اس بات پر زور دیا کہ جنوبی ایشیا میں استحکام عالمی امن کے لیے ناگزیر ہے۔

وزیر مملکت نے تجارتی مانیٹرنگ گروپ برائے جنوبی ایشیا کے نمائندے اور رکن ذیلی کمیٹی برائے ایچ آر ڈاکٹر میکسیملین کراہ کے سے بھی تبادلہ خیال کیا اور پاکستان کی مسلسل حمایت پر ان کا کا شکریہ ادا کیا۔دونوں اطراف نے باہمی فائدہ مند تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ حنا ربانی کھر نے یورپی پارلیمنٹ کی نائب صدر ہیڈی ہوٹالا اور نئے جی ایس پی پلس کے نمائندے سے بھی ملاقات کی اور اس بات پر زور دیا کہ جی ایس پی پلس پائیدار ترقی کے اہداف کے لیے ایک موثر ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ یورپی یونین اور پاکستان کی تجارت خاص طور پر روزگار کے مواقع، برآمدات میں اضافہ اور جامع ترقی پر بہت زیادہ اثر انداز ہوتا ہے۔ بین الاقوامی تجارتی کمیٹی کے سربراہ برنڈ لینج سے ملاقات کے دوران فریقین نے نئی جی ایس پی پلس سکیم اور اس پر پاکستان کے موقف پر تبادلہ خیال کیا۔

حنا ربانی کھر نے انسانی حقوق کی ذیلی کمیٹی کے وائس چیئر برنارڈ گوئٹا سے بھی ملاقات کی اور انہیں بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر تسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے یوکرین میں ہونے والی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا، فریقین نے مستقبل میں روابط بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔انہوں نے جی ایس پی پلس سکیم سے پاکستان کی برآمدات کو ترقی اور تجارت کے لیے پاک یورپی یونین کے تعاون کو جاری رکھنے کی اہمیت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ ایک اور ملاقات میں وزیر مملکت نے کمیٹی برائے خارجہ امور کے سربراہ ڈیوڈ میکلسٹر کے ساتھ ملاقات میں تازہ ترین علاقائی اور عالمی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی برادری کو موسمیاتی تبدیلی سمیت عالمی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے متحد ہونا چاہیے۔ انہوں نے آئی این ٹی اے کی وائس چیئر میری پیئر سے بھی ملاقات کی اور انہیں اس اہمیت سے آگاہ کیا کہ پاکستان یورپی یونین کے سب سے بڑے تجارتی شراکت داروں میں سے ایک ہے۔ جی ایس پی پلس کی وجہ سے فریقین کو حاصل ہونے والے باہمی فوائد کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے نئی جی ایس پی پلس سکیم کے حوالے سے خیالات کا تبادلہ کیا۔

وزیر مملکت برائے امور خارجہ حنا ربانی کھر نے مختلف کمیٹیوں سے تعلق رکھنے والے اراکین یورپی پارلیمنٹ کے ساتھ ورکنگ لنچ بھی کیا۔ انہوں نے تازہ ترین عالمی اور علاقائی پیش رفت پر کھلے دل سے خیالات کا تبادلہ کیا۔ فریقین نے پارلیمانی تبادلوں کے ذریعے پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے