راولپنڈی( آن لائن پاکستان ڈیجیٹل) پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے دہشت گردی کی لعنت کے مکمل خاتمے تک اس سے لڑنے کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہدا پاکستان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ،ان شا اللہ پاکستان میں مکمل امن واپس آئے گا ۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے پاک افغان سرحد پر شمالی وزیرستان میں اگلے مورچوں کا دورہ کیا اور جوانوں سے ملاقات بھی کی ۔
جنرل سید عاصم منیر نے وانا میں یادگار شہدا پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اورفارمیشن ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا جہاں پر انھیں آپریشنل تیاریوں ، تربیت اور سکیورٹی امور بلخصوص نئے ضم ہونے والے اضلاع کی ترقی سے متعلق امور بارے بریفنگ دی گئی ۔ پاک فوج کے سربراہ نے فارمیشن کی سماجی اقتصادی ترقی کے لئے سازگار ماحول فراہم کرنے کے لئے انسداد دہشت گردی کوششوں کو سراہا جو کہ نئے ضم ہونے والے اضلاع کی پائیدار ترقی اور استحکام کے لئے ہے۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے مختلف ریاستی اداروں کے درمیان ہم آہنگی کی اہمیت اور خاص طور پر دہشت گردی کے خلاف اجتماعی جنگ میں پاکستانی عوام کی اہمیت کو اجاگر کیا۔