روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا کہ فلسطینی اپنی سرزمین پر رہتے ہیں، انہیں اپنی آزاد ریاست کے قیام کا حق ہے ، اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں کو مصر چھوڑنے کا مطالبہ امن کے لیے نقصان دہ ثابت ہوگا۔
سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق روسی صدر نے انٹرویو میں کہا کہ ان کے لیے اندازہ لگانا مشکل ہے، فلسطینی جس سرزمین پر رہتے ہیں وہ تاریخی طور پر ان کی اپنی سرزمین ہے۔ فلسطینیوں کو اپنی ایک آزاد ریاست کے قیام کا حق ہے۔ انہوں نے اسرائیل میں تشدد کو خوفناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ فلسطینی ریاست کے قیام جیسے مسائل کو حل کیے بغیر تنازعہ حل نہیں ہو سکتا۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اسرائیل کی آباد کاری کی پالیسی مشرق وسطیٰ میں تشدد کے بھڑکنے کی ایک بڑی وجہ ہے۔کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے بیان میں کہا کہ روس فلسطین ۔ اسرائیل تنازعہ کے حوالے سے کارروائی کے متوازن اصولوں پر کاربند ہے،دونوں فریقین کے ساتھ بات چیت میں مساوی فاصلہ برقرار رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم دونوں فریقین کے ساتھ بات چیت جاری رکھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے نشاندہی کی ک روس کے لیے متوازن نقطہ نظر کو برقرار رکھنا اور تنازعہ کے دونوں فریقین کے ساتھ رابطے میں رہنا ضروری ہے۔یاد رہے کہ اس سے قبل بدھ کو روسی صدر نے امریکا پر الزام لگایا تھا کہ وہ فلسطین۔ اسرائیل تنازعے کے حل کے لیے متوازن عمل سے گریز کر رہا ہے اور بنیادی مسائل کو حل کیے بغیر معاملات کو اپنے ہاتھ میں لینے کی کوشش کر رہا ہے۔