اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے عراق اور پاکستان کے مابین تجارتی اور معاشی تعلقات بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک مشترکہ مذہب و ثقافت اور مختلف امور پر یکساں مؤقف رکھتے ہیں۔
ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار عراق کیلئے پاکستان کے نامزد سفیر محمد ذیشان احمد سے ملاقات کے دوران کیا جنہوں نے جمعرات کو ان سے یہاں ایوان صدر میں ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ عراق اور پاکستان کے مابین تجارتی اور معاشی تعلقات بڑھانے کی ضرورت ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور عراق مختلف امور پر یکساں مؤقف رکھتے ہیں، دونوں ممالک کے مابین عوامی اور تجارتی روابط کو فروغ دے کر تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جاسکتا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ نامزد سفیر عراق میں مقیم پاکستانیوں اور زائرین کی سہولت پر خصوصی توجہ دیں۔ صدر مملکت نے نامزد سفیر کو عراق میں بطور پاکستانی سفیر تعیناتی پر مبارکباد دی اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔