پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے سابق صوبائی صدر اور سابق وزیر دفاع پرویز خٹک کی بنیادی رکنیت ختم کر دی۔
پاکستان تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری عمر ایوب کی طرف سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پرویز خٹک کو 21 جون کو شو کاز نوٹس جاری کیا گیا تھا، پی ٹی آئی کے اراکین کو پارٹی چھوڑنے سے متعلق بات علم میں آنے کے بعد نوٹس کا جواب 7 یوم میں مانگا گیا تھا، جس کا جواب انہوں نے نہیں دیا۔
عمر ایوب کے مطابق جواب نہ دینے کے بعد پرویز خٹک کی پی ٹی آئی کی بنیادی رکنیت ختم کر دی گئی ہے جس کا اطلاق فوری طور پر ہو گا۔
خیال رہے کہ پی ٹی آئی کی طرف سے جاری کردہ شوکاز نوٹس میں کہا گیا تھا کہ پرویز خٹک کا عمران خان اور پارٹی کے خلاف بیان سراسر لغو، بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی ہے۔ پرویز خٹک پارٹی کے عہدوں سے علیحدگی اختیار کرنے کے بعد ان الزامات سے قوم کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، عمران خان کو 9 مئی کے واقعات کا ذمہ دار ٹھہرا رہے ہیں جو سراسر جھوٹ ،بے ہودہ اور بے بنیاد ہے۔