صفحہ اول / آرکائیو / اسرائیل کا بیان چیئر مین پی ٹی آئی کے حق میں ہے، وزیراعظم شہباز شریف

اسرائیل کا بیان چیئر مین پی ٹی آئی کے حق میں ہے، وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اسرائیل جو فلسطینیوں پر طرح طرح کے مظالم ڈھا رہا ہے وہ کہہ رہا ہے کہ پاکستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں، اصل میں اسرائیل کا بیان چیئرمین پی ٹی آئی کے حق میں ہے۔

اسلام آباد کے علاقے شاہین چوک میں فلائی اوور کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت نے جاتے جاتے ریاست کو داؤ پر لگا دیا تھا۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان تو ملک دشمنی پر اتر آئے ہیں۔ ان کو 2018 میں اسٹیبلشمنٹ نے دھاندلی کے ذریعے الیکشن جتوا کر اقتدار میں بٹھایا، کس نے کہا تھا پاکستان خدانخواستہ سری لنکا بننے جا رہا ہے۔ پاکستان آج قرضوں کے پہاڑ تلے دبا ہوا ہے۔ ہمیں مجبوراً آئی ایم ایف کے پروگرام کو اپنانا پڑا، معاشی بحالی کا پروگرام سامنے آ چکا ہے، ہماری حکومت کی مدت پوری ہونے کو بھی ایک مہینہ رہ گیا ہے۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومت نے ساڑھے 3 سال میں معیشت کا بیڑہ غرق کیا، اللہ کا شکر ہے سوا سال کے میرے دور حکومت میں آٹے اور چینی جیسا کوئی سکینڈل سامنے نہیں آیا، پی ٹی آئی حکومت میں بڑے بڑے ٹھیکیداروں نے جیبیں بھریں۔ دوسروں کو چور اور ڈاکو کہنے والے نے اپنے دور میں خانہ کعبہ کے ماڈل والی گھڑی تک بیچ ڈالی۔ ہماری اجتماعی کوششوں کی بدولت آج ریاست بچ گئی، اب ہم نے زرعی، معدنیات اور ٹیکسٹائل سیکٹر کو فروغ دینا ہے۔

چیئر مین تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ آپ نے اسرائیل کا بیان پڑھا اور سنا ہو گا۔ وہ اسرائیل جو فلسطینیوں پر طرح طرح کے مظالم ڈھا رہا ہے وہ کہہ رہا ہے کہ پاکستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں، اصل میں اسرائیل کا بیان چیئرمین پی ٹی آئی کے حق میں ہے۔ اسرائیل نے فلسطین میں انسانی حقوق کی جو خلاف ورزیاں کیں اس کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی، دوسروں پر تنقید کرنے سے قبل اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے