ریاض(آن لائن پاکستان ڈیجیٹل) سعودی عرب کے پرچم پر کلمہ توحید کی خطاطی کرنے والے خطاط صالح المنصوف 86 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔
صالح المنصوف پہلے سعودی خطاط تھے جنہوں نے 50 برس قبل سعودی عرب کے پرچم پر سفید رنگ کا استعمال کرتے ہوئے کلمہ طیبہ رقم کیا اور تلوار کھینچی تھی۔ اس وقت ٹیکنالوجی اور پرنٹنگ کی سہولیات عام نہیں تھیں۔
اس حوالے سے بتایا گیا کہ معروف خطاط صالح المنصوف کا انتقال مملکت کے یوم پرچم کے عین قبل ہوا ہے۔ علاوہ ازیں وہ ان پہلے خطاطوں میں سے بھی تھے جن کے ہاتھ کی لکھائی امام محمد بن سعود یونیورسٹی کے متعدد فارغ التحصیل افراد کے سرٹیفکیٹس سے مزین تھی۔
رواں ماہ کے آغاز میں سعودی عرب نے 11 مارچ کو ’پرچم کا دن‘ منانے کا اعلان کیا تھا کہ سابق شاہ عبدالعزیز آل سعود نے 11 مارچ 1937 کو مملکت کی نمائندگی کے طور پرچم کی منظوری دی تھی۔