بنوں ( آن لائن پاکستان ڈیجیٹل )نگران صوبائی وزیر منصوبہ بندی وترقی و پبلک ہیلتھ انجینئر نگ سید حامد شاہ نے کہاہے کہ جنوبی اضلاع کی ترقی میں کوئی رکاؤٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔
بنوں باران ڈیم سٹی کلہ ڈیم اور پیزو ڈیم کو بروقت تکمیل کیلئے جنگی بنیادوں پر اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں، اس سلسلے میں فنڈز کی کمی آڑنے نہیں آنے دینگے، فنڈز کیلئے وفاقی حکومت اور وزیر اعظم سے بات چیت کی جائیگی۔
انہوں نے کہا کہ نگران صوبائی حکومت وزیر اعلیٰ اعظم خان اور گورنر حاجی غلام علی کی قیادت میں خیبر پختونخوا کے حصے کے فنڈز کے حصول کیلئے وفاق کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے ہمارے پاس وقت کم اور کام زیادہ ہے ہم پوری سنجیدگی کے ساتھ حکومت اور محکموں کا تحفظ کررہے ہیں ہماری ذمہ داری محکموں کی نگہبانی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بنوں کے نمائندہ وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر اورنگزیب خان،ناصر گل خان،صدر پریس کلب محمد عالم خان جنرل سیکرٹری عمردیاز خان ڈپٹی جنرل سیکرٹری عبدالسلام بتیاب سمیت دیگر عہدیدار اور علاقائی عمائدین بھی موجود تھے۔
صوبائی وزیر سید حامد شاہ نے کہا کہ نگران صوبائی حکومت صوبہ بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو شفافیات کے ساتھ مکمل کرنے کیلئے بھر پور انداز سے نگرانی کررہی ہے کیونکہ اس وقت مختلف اضلاع سے ناقص میٹریل کے شکایت سامنے آئی ہے جس میں انکوائریاں مقرر کرکے متعلقہ محکموں کے افسران کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائیگی۔
انہوں نے کہا کہ جنوبی اضلاع اور بنوں ڈویژن میں میگاہ پراجیکٹس باران ڈیم سٹی کلہ ڈیم اور پیز و ڈیم کی مقررہ مدت میں تکمیل کیلئے خود نگرانی کررہا ہوں اس حوالے سے اہم اور بڑے عوامی منصوبوں میں کرپشن اور ناقص میٹریل کے استعمال کی اطلاع پر سخت ترین کاروائی کی جائیگی۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت اس وقت مشکل صورتحال سے دوچار ہے اور فنڈز کی کمی اور مسائل کی وجہ سے نگران حکومت وفاق کے ساتھ مکمل طور پر رابطے میں ہے انہو ں نے کہا کہ جنوبی اضلاع کے بڑے عوامی منصوبوں میں فنڈز کی کمی کو آڑ ے نہیں دینگے اور درکار فنڈز کی فراہمی کیلئے وفاقی حکومت کے ساتھ روابط قائم کئے جارہے ہیں تاکہ عوامی مفاد کے منصوبے بروقت مکمل کئے جاسکیں۔