صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نوجوانوں پر زور دیا ہے کہ وہ ٹیکنالوجی کی ترقی سے استفادہ کریں اور ملک کی ٹیکنالوجی کی برآمدات کو بڑھانے کے لئے عالمی سطح پر اپنی خدمات پیش کریں، ہمارے ملک میں نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد موجود ہے اور انہیں فکری طور پر باقی دنیا کے ساتھ جوڑا جانا چاہئے، اگر ایسا نہ کیا گیا تو ہم اپنے ملک کے لئے دستیاب ایک عظیم موقع سے محروم ہو جائیں گے۔
صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار انسٹی ٹیوٹ آف کاسٹ اینڈ مینجمنٹ اکاؤنٹنٹس (آئی سی ایم اے) ڈیجیٹل اکیڈمی کے ورچوئل افتتاح کے موقع پر اپنے ویڈیو پیغام میں کیا۔ منگل کو یہاں جاری ایک پریس ریلیز کے مطابق آئی سی ایم اے نے لندن میں قائم’دی فن ٹیک گروپ ‘ (ٹی ایف جی) کی شراکت سے ڈیجیٹل اکیڈمی کا آغاز کیا۔ آئی سی ایم اے ڈیجیٹل اکیڈمی کو برطانیہ میں ایک مشن کے ساتھ شامل کیا گیا ہے تاکہ پاکستان میں مستقبل میں افرادی قوت کو عالمی سطح پر ڈیجیٹل مہارتوں کے ساتھ تیار کیا جا سکے۔
صدر ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے پیغام میں آئی سی ایم اے ڈیجیٹل اکیڈمی کے منصوبوں کی اہمیت کو اجاگر کیا جس سے ملک میں نوجوانوں کو عالمی سطح پر اپنی خدمات پیش کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان افراد نئی ٹیکنالوجیز سیکھنے اور عالمی صارفین کے ساتھ پیشہ ورانہ انداز میں بات چیت کرنے کے خواہشمند ہیں۔ صدر عارف علوی نے مستقبل کی نئی ملازمتوں کے حوالے سے ہونے والی سٹریٹجک تبدیلی اور مستقبل میں ان میں سے بہت سی خدمات کو انجام دینے کے طریقے کو بیان کیا اور کہا کہ پاکستان کے باصلاحیت نوجوانوں کو بغیر کسی جغرافیائی حدود کے اپنی خدمات پیش کرنے کا زبردست موقع فراہم کرتا ہے۔
انہوں نے ملک کو دنیا بھر میں رونما ہونے والی تبدیلی کی رفتار اور پاکستان کو اس سے ہم آہنگ بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس تناظر میں، انہوں نے آئی سی ایم اے ڈیجیٹل اکیڈمی کے بروقت آغاز پر مبارکباد دی۔ صدر مملکت نے کہا کہ آئی سی ایم اے کافی عرصے سے ملک کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے مینجمنٹ اکاؤنٹنگ میں پیشہ ور افراد کو تیار کرنے کے لیے سرگرم ہے۔ لیکن کل کی دنیا میں اکاؤنٹنٹس کے لیے یہ ممکن ہو گا کہ وہ پاکستان سے باہر اپنی رسائی کو بڑھا سکیں اور عالمی سطح پر صارفین کی ضروریات کو پورا کرنا شروع کر دیں، اس طرح ملک کی ڈیجیٹل برآمدات میں اضافہ اور معاشی خوشحالی میں اضافہ ہو گا۔
صدر مملکت نے ان افراد کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا جو آئی سی ایم اے ڈیجیٹل اکیڈمی سے کورسز کریں گے تاکہ وہ مستقبل کی ملازمتوں کے لیے تیار ہو سکیں اور جغرافیائی حدود کے بغیر عالمی سطح پر اپنی خدمات پیش کرنے کے قابل ہو سکیں۔ اس کے نتیجے میں ایک ایسا ماحول پیدا ہوگا جہاں ہمارے لوگوں کو روزگار ملے گا اور ہمارا ملک صنعتی اور زرعی برآمدات پر انحصار کو کم کرنے کے لیے ڈیجیٹل برآمدات میں اضافہ کرے گا۔ اس لائیو ویبنار میں پینلسٹس میں ملک کے سرکردہ ادارے پاشا، پاکستان آئی ٹی انڈسٹری ایسوسی ایشن، پاکستان سٹاک ایکسچینج، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف بینکنگ اینڈ فنانس، پاکستان فری لانسرز ایسوسی ایشن، پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ، اور بگ 4 اکاؤنٹنگ فرمیں شامل تھے۔
ان اداروں میں اعلیٰ تعلیم کے شعبے اور آئی سی ایم اے اور ٹی ایف جی کی ٹیموں سے بھی نمائندگی موجود تھی۔ ایڈ ٹیک، اینڈ ٹو اینڈ ڈیجیٹل انرولمنٹ پلیٹ فارمز اور مائیکرو انٹرن شپس پر توجہ مرکوز کرنے والی بین الاقوامی فرموں نے بھی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر آئی سی ایم اے کے صدر شہزاد ملک نے آئی سی ایم اے ڈیجیٹل اکیڈمی کے وژن کو اجاگر کیا کرتے ہوئے کارپوریٹ اور پبلک سیکٹر دونوں اداروں میں ڈیجیٹل صلاحیتوں کو بڑھانے کے لئے آئی سی ایم اے ڈیجیٹل اکیڈمی کے منصوبوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ خواہشمند افراد اکتوبر 2023 کے اوائل سے ڈیجیٹل سکلز ڈویلپمنٹ پروگراموں میں داخلہ لے سکیں گے۔