وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے منگل کو جی ایچ کیو کا الوداعی دورہ کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو آمد پر آرمی چیف نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔ وزیراعظم نے پرنسپل اسٹاف آفیسرز سے ملاقات کی۔ وزیراعظم کو اس موقع پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا انہوں نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔وزیراعظم آرمی آڈیٹوریم میں شہداء اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے منعقدہ تقریب کے مہمان خصوصی بھی تھے۔ وزیر اعظم نے شہداء، غازیوں اور ان کے خاندانوں کو مادر وطن کے دفاع کے لیے ان کی ان گنت قربانیوں اور خدمات پر زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم نے ملک کی علاقائی سالمیت کے تحفظ اور پاکستان بھر میں دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لئے مسلح افواج کے کردار کو سراہا۔ انہوں نےکہا کہ شہداء اور غازی ہمارا فخر ہیں اور ان کی عزت و تکریم ہر پاکستانی پر لازم ہے، ہمیں یہ کبھی نہیں بھولنا چاہیے کہ آج ہم جس امن اور آزادی سے لطف اندوز ہو رہے ہیں وہ اس مٹی کے ان بہادر بیٹوں کی لازوال قربانیوں کی وجہ سے ہے، میں پاکستان کے لیے اپنے پیاروں کی قربانی دینے پر ان کے اہل خانہ کو سلام پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ اب یہ ہمارا فریضہ ہے کہ ہم ہر پاکستانی کی خوشحالی اور بھلائی کے لیے اپنے شہداء اور غازیوں کی عظیم قربانیوں کا ادراک کریں۔ انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی کی، ان کے منہ اس ملک کی تاریخ میں سیاہ رہیں گے اور پاکستان کے قابل فخر لوگ انہیں کبھی نہیں بھولیں گے۔وزیراعظم نے شہداء کے 70 خاندانوں اور 30 جنگی زخمیوں میں خصوصی امداد کے چیک تقسیم کئے۔ شہداء کے بچوں میں تعلیمی سرگرمیوں کے لئے لیپ ٹاپ بھی تقسیم کیے۔