ہنگو( فخرالاسلام کاکاخیل) انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا اختر حیات خان نے کہا ہے کہ پیشہ ورانہ تربیت فورس کے جوانوں کی استعدادی صلاحیتیں بڑھانے کے لیے کلیدی کردار ادا کرتی ہیں اور جوانوں پر زور دیا کہ وہ تربیت کے دوران حاصل ہونے والی تمام مہارت دہشت گردوں اور جرائم پیشہ افراد کی سرکوبی اور مظلوم عوام کی داد رسی پر صرف کریں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج پویس ٹریننگ کالج ہنگو میں مختف بنیادی تربیتی کورسز کے سالانہ پاسنگ آﺅٹ پریڈ کے شرکاءسے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پاسنگ آﺅٹ پریڈ میں ڈھائی ہزار جوان شریک ہوئے۔ جن میں اپر کورس کے 93 ، انٹر میڈیٹ کورس کے 228 ، پی اے ایس آئی کے 289، لوئر کورس کے 630 اور بیسک ریکروٹ کورس کے 1333 جوان شامل تھے۔ پریڈ میں پی ایس آئی کے 11 ، لوئر کورس کے 9 اور بیسک ریکروٹ کورس کی 239خواتین پولیس بھی پاس آﺅٹ ہوئیں۔
پولیس سربراہ اختر حیات خان نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس ہر قسم کے مشکل اور چلنجنگ حالات بالخصوص دہشت گردوں سے نبردآزما ہونے کی بھر پور صلاحیت رکھتی ہے اور تربیتی کورسز سے ان کی چھپی ہوئی صلاحیتوں میں مزید نکھار لانا ہے اور کہا کہ جوانوں کی اعلیٰ اور معیاری تربیت میں اس قدیم ادارے کا کردار ہر حوالے سے قابل فخر ہے۔
آئی جی پی نے کہا کہ کئی ایک جغرافیائی اور انتظامی مشکلات کی وجہ سے پولیس کے فرائض انتہائی کٹھن اور مشکل ہیں۔ تاہم اس کے باوجود فورس کے جوانوں کے عزم استقلال میں کوئی کمی نہیں۔ خیبر پختونخوا پہلے بھی دہشت گردوں کو شکست دے چکی ہے اور آئندہ بھی ان پر یہ سرزمین تنگ کر دی جائیگی۔
آئی جی پی نے پریڈ کے شرکاءپر زوردیا کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں فیلڈ ڈیوٹی کے دوران یہاں پر حاصل کردہ تربیت کا بہتر استعمال عمل میں لائیں اور اپنی تمام توانائیاں مظلوموں کی داد رسی اور پُرامن معاشرے کو یقینی بنانے پر صرف کریں۔پولیس فورس کی فلاحوبہبود کا ذکر کرتے ہوئے آئی جی پی اختر حیات خان کا کہنا تھا کہ حال ہی میں فورس کے جوانوں کی بڑی تعداد میں ترقیاں کی گئیں۔ فورس کے جوانوں کو جدید ہتھیاروں سے لیس کیا جارہا ہے۔
اب تک 11اضلاع میں جدید کیمروں سے لیس کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹرز قائم کئے گئے ہیں۔فورس کی فلاح و بہبود کے لئے تاریخی اقدامات اُٹھائے گئے اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ ٹریننگ،ویلفیئراور جدیدٹیکنالوجی پر مبنی پولیسنگ کے حوالے سے خیبرپختونخوا پولیس کو ایک بہترین فورس بنایا جائیگا۔آئی جی پی نے پولیس ٹریننگ کالج ہنگو کے تربیتی معیار اور اساتذہ کرام اور انسٹرکٹرزکی دن رات سخت محنت کی تعریف کی اور ادارے کو درپیش تمام مسائل و مشکلات جلدازجلد حل کرنے کا یقین دلایا۔
آئی جی پی نے تربیت کے دوران بہترین کارکردگی کے حامل پولیس جوانوں اور خواتین پولیس میں نقد انعامات اور توصیفی اسناد تقسیم کیئے اور جوانوں کی جانب سے پیش کردہ مختلف تربیتی مظاہرے بھی دیکھے۔
قبل ازیں کمانڈنٹ پولیس ٹریننگ کالج ہنگو ڈاکٹرفصیح الدین اشرف نے استقبالیہ پیش کرتے ہوئے جوانوں کو فراہم کی جانے والی تربیت ،تربیت کو بہتربنانے کے لئے اُٹھائے گئے اقدامات اور درپیش مسائل و مشکلات پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔