راولپنڈی ( آن لائن پاکستان ڈیجیٹل) قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان بسمہ معروف نے کہا ہے کہ ویمن لیگ کا انعقاد خوش آئند ہے، ان میچز سے ویمن کرکٹ کا لیول ہائی ہو گا۔
پیر کو راولپنڈی سٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ غیر ملکی کرکٹرز کا ویمن لیگ میں شرکت کرنا خوش آئند ہے، نوجوان کھلاڑیوں کو ان کے ساتھ کھیل کر سیکھنے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ نمائشی میچز دلچسپ ہوں گے ، شائقین کرکٹ کو چاہئے کہ وہ گرائونڈ میں آکر میچ دیکھیں اور ہمیں سپورٹ کریں ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ویمن لیگ کے انعقاد سے ہماری کرکٹ مزید ترقی کرے گی،
کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافہ ہو گا اور انہیں کھیل کے زیادہ سے زیادہ مواقع میسر آئیں گے اور ہم عالمی سطح پر ٹیموں کا اچھے طریقے سے مقابلہ کر سکیں گے۔ واضح رہے کہ نمائشی میچز کے لئے پی سی بی نے دو ٹیمیں تشکیل دی ہیں ، ایمزون ٹیم کی قیادت بسمہ معروف کریں گی ، یہ میچز 8 ، 10 اور 11 مارچ کو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔