وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نامور فنکار محمد قوی خان کے انتقال پر رنج وغم اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اتوار کو وزیراعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ ان کی وفات پاکستان کے فن کے شعبے کا ناقابل تلافی نقصان ہے۔اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔ محمد قوی خان نے فلم، ٹی وی، سٹیج اور ریڈیو پر اپنے فن کا لوہا منوایا اور بھرپور داد پائی ۔تمغہ حسن کارکردگی اور ستارہ امتیاز کے اعزازات قوی خان کی فنکارانہ صلاحیتوں کا ریاستی سطح پر اعتراف ہے۔
قوی خان نے ریڈیو پشاور پر چائلڈ ایکٹر کے طور پر کام شروع کیا جو ان کے فطری ٹیلنٹ کا ثبوت ہے۔ لاکھوں میں تین اور اندھیرا اجالا میں ان کی اداکاری عوام کے ذہنوں میں آج بھی زندہ ہے۔