اسلام آباد: پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا ہے کہ ہم اپنی پیاری قوم کو درپیش کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لئے پرعزم ہیں۔ ہفتہ کو پاک فضائیہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے حالیہ ناکام دہشت گرد حملے کے بعد پی اے ایف بیس، میانوالی کا دورہ کیا، دورے کے دوران، ائیر چیف نے ڈیوٹی پر مامور سکیورٹی اہلکاروں کی غیرمتزلزل پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری کو سراہا۔
چیف آف دی ائیر سٹاف نے بیس اہلکاروں کے ساتھ بات چیت کی، دہشت گردوں کے خلاف اپنی خدمات کو پیش کرنے کے ان کے غیر معمولی عزم کو سراہا۔ انہوں نے بیس اہلکاروں کے حوصلے کی تعریف کی اور حفاظتی چیلنجز کے پیش نظر پیشہ ورانہ مہارت اور تیاری کے اعلیٰ ترین معیار کو برقرار رکھنے کے لیے پاک فضائیہ کے اجتماعی عزم کو اجاگر کیا۔
انہوں نے پاک فوج کی ضرار کمپنی اور سول ایل ای ایز پر مشتمل جوائنٹ آپریشنز ٹیم کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے بہترین طریقے سے مقابلہ کرنے کے لیے بروقت مدد اور مدخلت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ائیر چیف نے کہا کہ سکیورٹی کا منظرنامہ ہماری غیر متزلزل چوکسی اور عزم کا تقاضا کرتا ہے۔
ہم اپنی پیاری قوم کو درپیش کسی بھی خطرے کے خلاف پرعزم ہیں۔پاک فضائیہ پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ میں کلیدی کردار ادا کرتی رہے گی۔ چیف آف دی ائیر سٹاف کا دورہ پاکستان ائیر فورس کے تمام اہلکاروں کے لیے یکجہتی اور یقین دہانی کے ایک مضبوط پیغام کے طور پر کام کرتا ہے،
جس سے انہیں قوم کی حفاظت کے لیے اپنے فرض پر ثابت قدم رہنے کی ترغیب ملتی ہے۔ یہ پیشہ ورانہ مہارت، بہادری اور لگن کے اعلیٰ ترین معیارات کو برقرار رکھنے کے لیے پاک فضائیہ کے غیر متزلزل عزم کا بھی مظہر ہے۔