اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد شروع کردیا۔
ای سی پی نے پنجاب اسمبلی کے عام انتخابات کی تیاریاں بحال کردیں۔ پنجاب اسمبلی کے انتخابات 14 مئی کو ہونگے۔
الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کی ہدایات کے مطابق شیڈول جاری کردیا جس کے مطابق پنجاب میں انتخابات کیلئے پولنگ 14مئی کو ہوگی۔
کاغذات نامزدگی سے متعلق ریٹرننگ افسر کےفیصلے کیخلاف اپیل دائر کرنےکی آخری تاریخ 10اپریل ہو گی۔ الیکشن ٹریبونل17 اپریل تک اپیلوں پر فیصلہ کرے گا۔
امیدواران کی نئی لسٹ شائع کرنے کی آخری تاریخ 18 اپریل ہوگی۔ کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 19اپریل ہو گی۔ امیدواروں کو انتخاباتی نشانات 20 اپریل کو الاٹ کیے جائیں گے۔
ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد ہوگا، سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق وفاقی اور نگراں پنجاب حکومت سے رجوع کیا جائیگا۔
انتخابی عملہ کی تربیت کا عمل بھی بحال کردیا گیا۔ الیکشن کمیشن جلد ریٹرننگ افسران کو ہدایات جاری کریگا۔