اسلام آباد ( آن لائن پاکستان ڈیجیٹل) گورنر پنجاب انجینئر محمد بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ معیاری بیج زرعی پیداوار کو بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں اور ان کا استعمال کر کے ہی ہم بڑھتی ہوئی آبادی کی غذائی ضروریات کو پورا کرنے کے قابل ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے یہ بات اتوار کو پراونشل سیڈ کمیٹی کے رکن اور چیئرمین پاکستان ہائی ٹیک ہائبرڈ سیڈ ایسوسی ایشن (پی ایچ ایچ ایس اے) شہزاد علی ملک سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
انھوں نے کہا کہ اعلیٰ معیار کے بیجوں کا استعمال زرعی پیداوار میں اضافے کے لیے اہم ترین عناصر میں سے ایک اور کسی بھی کامیاب زرعی پروگرام کی بنیاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ توقع کی جا رہی ہے کہ 2050 تک دنیا کی آبادی 9 ارب سے تجاوز کر جائے گی اس لئے ہائی ٹیک ہائبرڈ بیجوں کا استعمال دنیا کی بڑھتی ہوئی آبادی کو غذائی تحفظ فراہم کرنے کے لیے پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہو گیا ہے ۔
یہ بیج نہ صرف پیداوار کو دوسے تین گنا بڑھاتے ہیں بلکہ جڑی بوٹیوں، بیماریوں اور کیڑوں کے پھیلاو کو روکنے کے علاوہ پیداواری لاگت میں بھی خاطر خواہ کمی لاتے ہیں۔ شہزاد علی ملک، جو رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے بانی چیئرمین اور یونائیٹڈ بزنس گروپ کے چیئرمین بھی ہیں، نے کہا کہ یہ خوش آئند ہے کہ گورنر نے چند روز قبل چاول، کپاس اور دیگر فصلوں کی نئی اقسام تیار کرنے کے طریقے تجویز کرنے کے لیے تین کمیٹیاں تشکیل دی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ اچھا شگون ہے کہ گورنر پنجاب زراعت کے شعبے کو جدید سائنسی خطوط پر فروغ دینے میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں اور خاص طور پر ہائی ٹیک ہائبرڈ بیجوں کے استعمال پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں اور ہائی ٹیک ہائبرڈ بیج تیار کرنے میں بھر پور تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔