کراچی( آن لائن پاکستان ڈیجیٹل) قطر میں ہونے والی لیجنڈ لیگ کرکٹ( ایل سی سی) میں شریک تینوں ٹیموں کے کپتانوں کے ناموں کا اعلان کردیا گیا ہے۔ لیگ 10سے 20مارچ 2023 تک قطر کے دارالحکومت دوحہ میں کھیلی جائے گی۔ لیگ میں شامل ایشیا لائنز کی قیادت پاکستان کے شاہد آفریدی کریں گے۔ یہ اس لیگ میں ان کی پہلی شرکت ہوگی۔ شاہد آفریدی محدود اوورز میں زبردست بلے بازی کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
اس بارے میں گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ یہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے کہ میں ایک ایسی ٹیم کی قیادت کروں گا جس میں اتنے عظیم کھلاڑی شامل ہوں گے، میں بہت خوش ہوں اور پرانے ساتھیوں شعیب ملک ، محمد حفیظ اور عبدالرزاق کے ساتھ کھیلنا ایک اچھا موقع ہوگا، شائقین کرکٹ کو بھی اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔ لیگ میں شامل دیگر دو ٹیموں میں عالمی جائنٹس کی قیادت ایرون فنچ کریں گے جبکہ انڈیا مہاراجہ کے کپتان گوتم گھمبیر ہوں گے۔